ایف آئی اے نے صحافی محسن بیگ کو گرفتار کرلیا
اسلام آباد:وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے صحافی محسن بیگ کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا۔
صحافی محسن بیگ کو ان کے گھر سے پولیس کے ہمراہ گرفتار کیا گیا۔محسن بیگ نے سوال کیا کہ کس وجہ سے مجھے گرفتار کیا جا رہا ہے؟ ایف آئی اے حکام نے جواب دیا کہ آپ ساتھ چلیں گرفتاری کی وجوہات بتا دیں گے۔
حکام نے بتایا کہ مراد سعید کی درخواست پر کارروائی کی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے چھاپے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی جس میں محسن بیگ کو ہاتھ میں پسٹل لیے دیکھا جاسکتا ہے اور ويڈيو ميں کچھ لمحے بعد 2 فائر ہونے کی آواز آتی ہے۔
فائرنگ سے ايف آئی اے کا ايک سب انسپيکٹر زخمی ہوا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق محسن بیگ نے اپنے دفاع میں فائر کیے۔
واضح رہے کہ محسن بیگ نے حالیہ ٹی وی پروگراموں میں وفاقی حکومت سمیت وفاقی وزیر پر تنقید کی تھی۔
دوسری جانب، صحافی محسن بيگ نے غیرقانونی حراست کے خلاف درخواست دائر کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے بیلف مقرر کرکے محسن بیگ کو عدالت ميں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
وکیل راحیل قریشی کے مطابق صبح سویرے سادہ کپڑوں میں لوگ محسن بیگ کے گھر آئے، کون لوگ تھے اور کہاں لے کر جا رہے تھے کچھ معلوم نہیں۔
وکیل کے مطابق ایس پی اور ڈی ایس پی سے وارنٹ گرفتاری اور سرچ وارنٹ نہیں مانگے، ایس پی نے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کو گھر میں دھاوا بولنے کا حکم دیا اور سادہ کپڑوں میں افراد نے بچوں کو مارا، موبائل فون توڑے اور محسن بیگ کو ساتھ لے گئے۔


