ڈیرہ اللہ یار، تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف میونسپل ایمپلائز کے ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال
ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار میں فنڈز کی بندش اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف میونسپل ایمپلائز کے ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کردی دفتر کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کر دیا،میونسپل کارپوریشن ڈیرہ اللہ یار کے سینکڑوں ملازمین نے میونسپل ایمپلائز یونین کے صدر شفیع محمد کٹوہر، بلوچستان لیبر فیڈریشن کے چیئرمین حاجی ممتاز علی سومرو کی قیادت میں کام چھوڑ ہڑتال کرکے میونسپل کارپوریشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کر دیا، میونسپل ملازمین کے کام چھوڑ ہڑتال کے باعث شہر میں صفائی ستھرائی کا کام ٹھپ ہو کر رہ گیا،یومیہ بنیاد پر نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہ ہونے سے نالیاں ابل پڑیں تحصیل روڈ کلب روڈ عدالت روڈ قومی شاہراہ پر نالیوں کا پانی جھیل کا منظر پیش کرنے لگا جسکی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے،احتجاجی کیمپ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع محمد کٹوہر، حاجی ممتاز علی سومرو، اسحاق بھنگر، شاہ مراد گولہ، نثار احمد شیخ، سری چند، اشوک کمار، عمران بہرانی، ارباب گولہ، شوکت ڈی ایکس و دیگر کا کہنا تھا کہ میونسپل کارپوریشن ڈیرہ اللہ یار سمیت بلدیاتی ادارے گزشتہ سات ماہ سے فنڈز سے محروم ہیں اور تین ماہ سے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہیں ہو رہی،ملازمین شدید تنگدستی کا شکار ہوگئے اور انکے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے پڑ گئے ہیں،بلوچستان حکومت بلدیاتی اداروں پر توجہ نہیں دے رہی مسلسل احتجاج کے باوجود فنڈز کی فراہمی نہیں کی جا رہی،انکا مطالبہ تھا کہ فنڈز اور تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائیگا۔


