چیف جسٹس نے انتظامی اور جوڈیشل اختیارات پر کمیٹیوں کی تشکیل نو کردی

اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے انتظامی اور جوڈیشل اختیارات سے متعلق کمیٹیوں کی تشکیل نو کر دی۔ ہفتہ کے روز جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے انتظامی اور جوڈیشل اختیارات سے متعلق کمیٹیوں کی تشکیل نو کر دی ہے۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال بلڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے اور دیگر ارکان میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں، بلڈنگ کمیٹی سپریم کورٹ عمارات، ججز گیسٹ ہاﺅسز وغیرہ کے معاملات دیکھے گی۔اعلامیے کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی سپریم کورٹ ریسرچ سینٹر افیئرزکمیٹی کا انتظامی جج تعینات کیا گیا ہے اور ریسرچ سینٹر افیئرز کمیٹی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ لا کلرک پروگرام کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، لا کلرک پروگرام کمیٹی میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل بھی شامل ہوں گے اور یہ 2 رکنی کمیٹی لا ءکلرکوں کی تقرریوں کی سفارشات کرے گی۔جسٹس قاضی فائز عیسی آن ریکارڈ انرولمنٹ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہوں گے، اس کمیٹی میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس قاضی امین شامل ہیں۔اعلامیے کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بلوچستان کی انسداد دہشت گردی عدالتوں، جسٹس طارق مسعود اسلام آباد، جسٹس اعجازالاحسن پنجاب، جسٹس مظہرعالم خیبر پختونخوا اور جسٹس سجاد علی شاہ اے ٹی سیز سندھ کے مانیٹرنگ جج ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں