سندھ میں حکومت مستحکم، گورنر راج کی ضرورت نہیں، یوسف رضا گیلانی
ملتان : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سندھ میں حکومت مستحکم ہے وہاں گورنر راج کی ضرورت نہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 27 فروری کو بلاول بھٹو کی قیادت نکلنے والا لانگ مارچ کسی صوبے کے لیے نہیں اپنے ملک کے لیے ہے۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کے سیلاب کے سامنے اب کوئی کھڑا نہیں ہوسکے تھا، 30 ہزار لوگ بلاول بھٹو کے ساتھ سفر کررہے ہوں گے۔یوسف رضا نے دعویٰ کیا کہ لانگ مارچ میں ایسے ایسے لوگ دکھائی دیں گے کہ لوگ حیران رہ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو حکومت منشور پر عملدرآمد نہ کراسکے تو اس کا کھیل ختم ہوجاتا ہے، ملک میں مہنگائی اتنی بڑھ چکی ہے کہ عوام اب اس کا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔سینیٹ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم حکومت کیخلاف عدم اعتماد لانے کی ابتدا عوامی دباﺅ سے کررہے ہیں، سیاسی پارٹیوں، پی ڈی ایم سے بھی ملاقاتیں کیں اور مشاورت جاری ہے۔یوسف رضا نے کہا کہ موجودہ حکومت کیا چاہتی ہے مجھے نہیں معلوم مگر ان کا شارٹ مارچ کرنا ان کی بوکھلاہٹ کی نشانی ہے، ان کو برائی صرف ایک صوبے میں ہی نظر آرہی ہے۔سابق وزیراعظم کا ایک سوال کے جواب میںکہنا تھا کہ ہم نے سینیٹ میں بھی پیکاایکٹ کے خلاف آواز اٹھائی مگراجلاس ختم ہو گیا تھا،ملتان کے عوام ثابت کرینگے کہ ملتان کس کا ہے۔انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرائن تنازعے میں ہمیں بیلنس پالیسی اختیار کرنی چاہئے۔


