شیری رحمن نے بھارتی میزائل کا معاملہ سینیٹ کمیٹی میں اٹھا دیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور سینیٹر شیری نے بھارتی میزائل کا معاملہ کمیٹی میں اٹھا تے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی میزائل کا پاکستان میں گرنا بہت ہی تشویشناک ہے، اس سے دونوں جوہری ممالک کے بیچ خطرناک کشیدگی شروع ہو سکتی تھی۔ بدھ کو ہونے والے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شیری رحمن نے کہاکہ پاکستان کو اس معاملے پر ایکشن لینے میں تین دن کیوں لگی یہ بھارت کا پاکستان کو ایک پیغام تھا، کوئی ٹیکنیکل خرابی نہیں تھی۔شیری رحمن نے کہاکہ میزائل کا ایک نظام ہوتا ہے، برہموس منی کا میاں چنوں میں گرنا کوئی مذاق نہیں، یہ ایک حساس معاملے ہے اس کا ٹریکنگ اور الرٹ لیول کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے جو وضاحت پیش کی وہ مضحکہ خیز اور نا قابل قبول ہے، خارجہ پالیسی غصے یا موڈ پر نہیں بنتی بلکہ ملک کے مفاد کے مطابق بنتی ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ یوکرین سے زیادہ بحران افغانستان میں ہیں، افغانستان میں بھوک اور بدحالی کی وجہ سے لوگ اپنی بچیاں بیچ رہے۔انہوں نے کہاکہ 40 سے زائد ممالک 20 سال تک افغانستان میں رہے، نیٹو ممالک افغانستان کو بحران میں چھوڑ گئے ہیں، ہمیں اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں دنیا بھر کی مارکیٹ تک رسائی چاہئے، ہماری خارجہ پالسی پاکستان کو معاشی خودمختار بنانے کیلئے ہونی چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں