امریکا کی جانب سے مزید فوجی یورپ بھیجنا بھرپور پیغام ہے، نیٹو سیکرٹری جنرل

برسلز (مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی اوقیانوس کے اتحاد نیٹوکے سیکرٹری جنرل ینس اسٹولٹنبرگ نے کہا ہے کہ اتحاد کی افواج پوری تیاری کی حالت میں ہیں اور ہم نیٹو اتحاد کے رکن ممالک میں امن مضبوط بنانے کے لیے کام کررہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں ینس نے کہا کہ امریکا کی جانب سے مزید فوجیوں کو یورپ بھیجنا ایک بھرپور پیغام ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشرقی یورپ کے ممالک نیٹو اتحاد کا ایک اہم جزو ہیں۔ نیٹو ممالک کے وزرائے دفاع نے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کی قیادت میں اجلاس کے دوران مشرقی یورپ مزید نیٹو فوجیوں کو بھیجنے کے منصوبوں پر بات چیت کی۔ اس حوالے سے ممکنہ تبدیلیاں زیر بحث آئیں۔ ینس اسٹولٹنبرگ نے اپنے بیان میں کہا کہ 30 ممالک پر مشتمل نیٹو اتحاد یورپ میں مستقبل میں اپنی سیکورٹی پوزیشن کے حوالے سے بنیادی تبدیلیاں کرنے کے درپے ہیں۔ یہ اقدام یوکرین میں روسی جنگ کے جواب میں عمل میں لایا جائے گا۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے توقع ظاہر کی کہ اتحادی ممالک کے وزرائے دفاع نیٹو میں عسکری قیادت کو یہ ذمے داری سونپیں گے کہ وہ مشرقی یورپ میں امن کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں