بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، غیر معیاری اشیاءخورونوش کیخلاف جرمانے

کوئٹہ، خضدار، صحبت پور (انتخاب نیوز) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ کے نواحی علاقوں و ضلع خضدار اور صحبت پور میں غیر صحت بخش اشیاءخورونوش کی فراہمی پر کارروائیوں کے دوران 20 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ بی ایف اے ہیڈ کوارٹر فوڈ سیفٹی ٹیموں کے مطابق نواں کلی پائی پاس پر قائم 4 ہوٹلوں کو ناقص صفائی و کوکنگ ایریا میں گندگی، حشرات کی موجودگی، پکوان میں چائنیز نمک و غیر معیاری کوکنگ آئل کے استعمال، بچا ہوا کھانا کی نامناسب اسٹوریج اور ورکرز کی ذاتی صفائی، ماسک و دستانے نہ ہونے پر جبکہ 1 میٹ شاپ کو اصلاحی نوٹس کے باوجود مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔ نیواڈہ و ملحقہ علاقوں میں چیکنگ کے دوران 2 ٹکی ٹافی کارخانوں کے خلاف پروسیسنگ یونٹ میں گندگی، گزشتہ ہدایات کے باوجود ملازمین کی ذاتی صفائی کی بری حالت اور ٹکی ٹافیوں پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ ظاہر نہ کرنے پر کارروائی کی گئی۔ علاوہ ازیں بی ایف اے کی زونل ٹیموں نے متعلقہ زونل ڈائریکٹرز کی سربراہی میں مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے خضدار میں 4 جنرل اسٹورز اور 1 بیکری سے زائد المعیاد کولڈرنکس پیکٹ دودھ و مصالحے برآمد کرلیے، جس پر مذکورہ مراکز کو فائن کیا گیا جبکہ لیبارٹری تجزیہ کیلئے پانچ چائے کی پتی کے سیمپلز بھی لیے گئے، صحبت پور میں بی ایف حکام کی انسپیکشن کے دوران 2 جنرل اسٹورز، 1 ہولسیلر کے خلاف زائد المعیاد و پابندی عائد اشیاءکی فروخت پر ایکشن لیا گیا جبکہ 1 ہوٹل پر کوکنگ و اسٹوریج ایریا میں گندگی اور کھانوں میں چائنیز نمک کے استعمال پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں