سیاسی اونٹ قومی حکومت کے دروازے پر پہنچ چکا ہے، کریم نوشیروانی

کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ سیاسی اونٹ قومی حکومت کے دروازے پر پہنچ چکا ہے سیاستدان صبر و تحمل سے کام لیں گھیرا جلا ملک و عوام کے مفاد میں نہیں قانون اور آئین کا احترام ہم سب پر لازم ہے صورتحال یونہی رہی تو ہم ماضی کی طرح کئی سالوں تک ملک میں جمہوریت کے لئے ترسیں گے ۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کا رویہ ملک اور عوام کے مفاد میں نہیں جمہوریت کو ایک طرف لے جایا جارہا ہے صورتحال یونہی رہی تو ماضی کی طرح کئی سالوں تک ہم پاکستان میں جمہوریت کے لئے ترسیں گے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم پاک افواج اور اداروں کی مداخلت کی الزام تراشی تو کرتے ہیں لیکن اپنے گریبان میں نہیں جھانکتے کہ ہم سیاستدان کہاں جارہے ہیں ہم نے اپنے غیرجمہوری رویوں کی وجہ سے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں اس میں نقصان ملک عوام اور دھرتی کا ہوگا پاکستان مزید دھینگا مشتی کا متحمل نہیں ہوسکتا لہذا میری تمام ان پرانے سیاستدانوں سے جن کا حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں سے تعلق ہے اپیل ہے کہ وہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے صبرو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کریں اور آئین و قانون کی بالا دستی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں کیونکہ ماضی میں بھی اسی صورتحال کے باعث پاکستان جمہوریت سے کافی عرصے تک محروم رہا اگر اس مرتبہ بھی ملک سے جمہوریت ڈراپ ہوئی تو 20سال تک انتظار کرنا پڑیگا جس کا نقصان براہ راست ملک اور عوام کو ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں