نااہل سیکرٹری کومعطل ،گرفتار ڈاکٹروں کو رہا کیا جائے، ینگ ڈاکٹرز کا الٹی میٹم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان اور آل پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن نے حکومت کو24گھنٹوں کاالٹی میٹم دیتے ہوئے کہاہے کہ اگر نااہل سیکرٹری کومعطل ،گرفتار ڈاکٹرز کورہا اور ایف آئی آر کا خاتمہ نہیں کیاگیا تو کورکمیٹی کااجلاس بلا کر اجتماعی استعفوں کافیصلہ کرینگے ،سیاسی جماعتیں صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار کو تبدیل کرنے کیلئے اپنا کردارادا کرے ،پرامن ونہتے ڈاکٹرز پر ایف سی ،پولیس ودیگر کا ایک ساتھ دھاوا بول کر ان کے ساتھ دہشتگردوں جیسا رویہ قابل افسوس ہے ،120سے زائد ڈاکٹرز کوئٹہ کے مختلف تھانوں میں قید ہیں ۔ان خیالات کااظہار ینگ ڈاکٹر زایسوسی ایشن بلوچستان کے نائب صدر طاہر موسیٰ خیل ،سپریم کونسل کے ممبر بہاول لہڑی ،آل پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن کے صوبائی صدر رحمت اللہ دہوارودیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بھر میں احتجاج کئے جاتے ہیں لیکن حکومت نے ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کو شروع سے غلط رنگ دینے کی کوشش کی کہ ڈاکٹرز تنخواہیں بڑھانے کیلئے بیٹھے ہیں حالانکہ اس سے قبل بھی بہت سی تنظیمیں احتجاج اور دھرنا دے چکے ہیں لوگوں میں غلط معلومات پھیلائی گئی ،ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس نے 6ماہ قبل سرکاری ہسپتالوں میں عوام کوسہولیات کی فراہمی کامطالبہ کیاتھا لیکن سہولیات تو دور کی بات حکومت نے ڈاکٹر ز اور پیرامیڈیکس کے مطالبات حل کرنے کی بجائے انہیں جیل منتقل کردیا اور اس کے بعد کئی بار تشدد کانشانہ بنایاگیا،گزشتہ روز بھی ینگ ڈاکٹرز وپیرامیڈیکس شہید فیاض سنبھل چوک پر پرامن طریقے سے مطالبات کے حل کیلئے دھرنا دئےے ہوئے تھے لیکن حکومتی ایماءپر پولیس کی جانب سے دھاوا بول کر15ڈاکٹرز کو گرفتارکرلیاگیا اور 2روز بعد ان پر ایف آئی آر درج کرکے ہفتے کے دن انہیں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہفتے کو تو نوبت یہاں تک آئی کہ سول ہسپتال میں قائم ینگ ڈاکٹرز وپیرامیڈیکس کے احتجاجی کیمپ پر بھی دھاوا بول دیاگیا اور کیمپ میں موجود ڈاکٹرز،پیرامیڈیکس سمیت دیگر کو زدکوب کرتے ہوئے 100سے زائد ساتھیوں کو گرفتارکرلیاہے اس وقت کوئٹہ کے مختلف تھانوں میں 120سے زائد ڈاکٹرز وپیرامیڈیکس قید ہیں،ایف سی ،پولیس ودیگر کے ذریعے نہتے ڈاکٹرز پر دھاوا بول کر دہشتگردوں جیسا رویہ اختیار کیاگیا ینگ ڈاکٹرز صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان کے خلاف سراپااحتجاج ہیں کل کو سہولیات کی فقدان پر عوام اپنی بڑھاس ڈاکٹرز پر نکالتی ہے کیا عوام کی ذمہ داری نہیں بنتی کہ وہ آکر ڈاکٹرز وپیرامیڈیکس جو ان کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں کاساتھ دیں ،انہوں نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہاکہ ینگ ڈاکٹرز،پیرامیڈیکس کی جانب سے بلوچستان کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہر قسم کے سروسز کی بائیکاٹ کے ساتھ پرائیویٹ ہسپتالوں میں ہڑتال کااعلان کرتے ہیں ،بلوچستان کے سینئرز ڈاکٹرز سے گزارش ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ینگ ڈاکٹرز کاساتھ دیتے ہوئے پرائیویٹ ہسپتال بند کریں ،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ،آل پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن نے بلوچستان کی سیاسی جماعتوں ،جمعیت علماءاسلام ،بلوچستان نیشنل پارٹی ،پشتونخواملی عوامی پارٹی ،نیشنل پارٹی سمیت سول سوسائٹی ودیگر سے اپیل کی کہ وہ صوبے کے ہسپتالوں میں فورسز کے حملے جیسے غیر قانونی عمل کو روکنے کیلئے اپنا کردارادا کریں بلوچستان کے تمام طبی عملے سے اپیل ہے کہ وہ کوئٹہ پہنچیں ،ینگ ڈاکٹرز عوام کی مشکلات کومدنظررکھتے ہوئے ایمرجنسی ،لیبر روم اور ٹراما جیسی سہولیات فراہم کررہی تھی لیکن ایف سی ،پولیس ودیگر فورسز کے چھاپے کے بعد ہم تمام تر سروسز سے بائیکاٹ کرنے پرمجبور ہوگئے ،حکومت مطالبات کے حل میں سنجیدہ نہیں ،ینگ ڈاکٹرز کے تمام مطالبات تسلیم کرنے کے باوجود نوٹیفکیشن کی اجراءمیں ٹال ومٹول کرنے والے نااہل سیکرٹری نے محکمہ صحت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کردیاہے ،6ماہ سے ینگ ڈاکٹرز جائز مطالبات کیلئے سراپااحتجاج ہیں جلد سے جلد انہیں معطل کیاجائے 24گھنٹوں میں مطالبات پرعملدرآمد نہ ہوئی تو دوبارہ کور کمٹی کااجلاس طلب کرکے تمام ڈاکٹرز اجتماعی طورپر استعفیٰ دینے کافیصلہ کرینگے ۔


