عسکری ممبران مراسلے کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کریں، آصف زرداری
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے نیشنل سیکورٹی کونسل کے عسکری ممبران سے ’مراسلے‘ کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اس دفعہ ایک خط کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خط کے بارے میں نیشنل سیکورٹی کونسل کے ممبران یہ کہہ چکے ہیں کہ اس میں بیرونی سازش کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان ہر دن سیکورٹی کونسل کے عسکری ممبران کے بارے میں کہتا ہے کہ وہ میری طرف سے مطمئن ہوگئے تھے۔ آصف زرداری نے کہا کہ لہٰذا جو اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے سیکورٹی کے عسکری ممبران تھے وہ اس کی وضاحت کریں اور اپنی پوزیشن واضح کریں۔ اب یہ معاملہ عمران خان یا متحدہ اپوزیشن کا نہیں ہے، اب یہ معاملہ پاکستان کا ہے لہٰذا اس طرح کے حساس نوعیت کے معاملات میں تاخیر بھی ملک کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نہ ہی یہ معاملہ تحریک عدم اعتماد کا رہا ہے یہ معاملہ اب ملکی سلامتی کا ہے۔


