امریکی اخبار سے منسوب کارٹون شیئر کرنے پر شیری مزاری پر تنقید
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سابق وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کو فیک نیوز شیئر کرنا مہنگا پڑ گیا۔ سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کے بعد شیریں مزاری کو ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنی پڑی۔ شیریں مزاری نے امریکی اخبار سے منسوب کرتے ہوئے ایک طنزیہ کارٹون شیئر کیا جس میں عدلیہ کو انکل سیم سے شاباش لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ شیریں مزاری نے اس تصویر کے ساتھ تبصرہ کیا کہ امریکا کی پاکستان میں حکومت گرانے کی سازش یہ پاکستانی اداروں کیلئے کتنی شرم کا باعث ہے۔ اس ٹوئٹ کے بعد شیریں مزاری کو سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیا گیا، لوگوں نے ان کی تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ شیریں مزاری کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے جس اخبار سے منسوب تراشہ شیریں مزاری نے شیئر کیا اس کی اشاعت دہائیوں پہلے بند ہوچکی ہے۔ اخبار 1835ء سے 1924ء کے درمیان شائع ہوتا تھا۔ لوگوں نے سوال اٹھایا کہ شیریں مزاری کے دعوے کے مطابق پاکستان کے حالات حاضرہ پر یہ کارٹون اس اخبار میں بھلا آج کیسے چھپ سکتا ہے؟ جھوٹی خبر پھیلانے پر سخت تنقید پر شیریں مزاری نے اپنا ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا۔


