مخیر حضرات وسائل سے محروم افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں، بشریٰ رند

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و سماجی بہبود بشریٰ رند نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر ملت اسلامیہ اور پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر مسلمانوں کے لئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کا حقیقی معنی عام آدمی کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہے اور عام آدمی کا احساس کرنے سے ہی عید کا لطف دوبالا ہوگا، میرا ایمان ہے کہ پسے ہوئے طبقے کو اپنے ساتھ لے کر چلنے میں ہی ہماری نجات ہے اور مستحق اور بے سہارا افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے سے خوشیوں کو چار چاند لگتے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ہماری حکومت میں عام آدمی ہی ہماری پالیسیوں کا محور ہے اور وسائل سے محروم افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہماری دینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے، ہمیں چائیے کہ اپنے گردو پیش پر نظر ڈالیں اور ان لوگوں کو بھی خوشیوں میں شریک کریں جو وسائل سے محروم ہیں۔ آج ہم سب اپنی خوشیو ں میں غریبوں اور کم وسیلہ طبقات کو شریک کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں وطن کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے، وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کے عظیم والدین اور اہل خانہ کو بھی خوشیوں میں شریک رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ تشدد پسندی کیخلاف جنگ میں جاں بحق ہونے والوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ عیدالفطر کے موقع پر ہم شہداء کے عظیم اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، تشکر کے اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبات کو فروغ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں