ٹک ٹاک کا شوق، نوجوان نے جنگل کو آگ لگا دی، وڈیو وائرل ہونے پر گرفتار

ایبٹ آباد (انتخاب نیوز) نوجوان نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے جنگل کو آگ لگا دی۔ محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف ایبٹ آباد ریجن نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی خاطر جنگل کو آگ لگانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایبٹ آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی خاطر جنگل کو ہی آگ لگا دی۔نوجوان قیمتی درخت کو آگ لگا کر ویڈیو بناتا رہا۔ویڈیو جب منظر عام پر آئی تو محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف حرکت میں آگیا اور کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد انتظامیہ نے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف کے حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی جانب سے نوجوان کی اس حرکت پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔۔خیال رہے کہ ٹک ٹاک کے اس پہلے بھی منفی اثرات دیکھنے میں آ چکے ہیں۔ پشاور ہائی کورٹ نے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے والوں کو بلاک کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔ عدالت نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک ایک عالمی ایپ ہے دنیا سے کٹ بھی نہیں سکتے اس لیے ٹک ٹاک کی فلٹریشن کی جائے اور اقدار کے خلاف اقدامات کو روکا جائے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاورہائی کورٹ میں ٹک ٹاک کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ، جہاں ٹک ٹاک کیخلاف مقامی خاتون سارہ خان نے درخواست دائر کر رکھی ہے ، چیف جسٹس قیصررشید اورجسٹس عبدالشکور نے اس کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر پی ٹی اے کے وکیل جہانزیب محسود اور درخواست گزار خاتون کی جانب سے نازش مظفر ایڈووکیٹ پیش ہوئیں ، سماعت میں پی ٹی اے وکیل نے بتایا کہ ٹک ٹاک سے متعلق ایک طریقہ کار تیار کیا ہے ، جس کے تحت غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے والوں کو بلاک کیا جاتا ہے اور بعد میں ایسا اکانٹ بھی مستقل طور پر بلاک کردیا جاتا ہے اور اب پیکا آرڈیننس آیا ہے جس کی وجہ سے ایف آئی اے کو زیادہ اختیار مل چکا ہے ، اس حوالے سے رپورٹ آج صبح جمع کی لیکن عدالت کونہیں پہنچ سکی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں