وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت27ویں اپیکس کمیٹی کا اجلاس

کراچی (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت27ویں اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی کہ ہر بار جرائم میں ملوث 787 افراد، 540 منشیات فروشوں اور زمینوں پر قبضہ کرنے والے 244 افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے،انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشن کے ذریعے سماج دشمن اور ریاست مخالف عناصر کی شناخت کرکے شہر میں دہشت گردی کے واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں، اجلاس میں صوبائی وزراء ناصر شاہ، شرجیل میمن، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید، چیف سیکریٹری ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ، آئی جی سندھ ، ڈی جی رینجرز ، پراسیکیوٹر جنرل سندھ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سی ڈی ٹی، اسپیشل برانچ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ، سیکریٹری داخلہ ، انٹیلی جنس اداروں کے صوبائی سربراہان و دیگر افسران نے شرکت کی۔ ایپکس کمیٹی نے کراچی یونیورسٹی میں تین چینی اساتذہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے عزم کیا کہ مجرموں کو جامع اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا مختلف ایجنسیوں کے ذریعے حملے کے ماسٹر مائنڈ کا پتہ لگانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، اجلاس میں صدر دھماکے کی بھی مذمت کی گئی ، اجلاس کے دوران دہشت گرد تنظیموں اور دیگر جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے استعمال کئے جانے والے سوشل میڈیا کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دہشت گرد تنظیموں کے نام اور شناخت اور ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی شناخت ان کے فالوورز کی تعداد، ان کے اکاؤنٹس پر ٹریفک سے کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں سوشل میڈیا سمیت جدید ترین ٹیکنالوجی، گیجٹس اور ٹولز کا استعمال کرکے مخالف بیانات اور سماج دشمن عناصر کو کنٹرول کرنا ہوگا۔ دریں اثناء اسٹریٹ کرائمز کے سد باب کیلئے اداروں کی جانب سے 787 افراد ، 540 منشیات فروش اور 244 لینڈ گریبرز کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں