گڈانی، چیکنگ کے نام پر پولیس کی مقامی شہریوں کی تذلیل جاری
لسبیلہ (انتخاب نیوز) گڈانی پولیس کا قومی شاہراہ پر ناکوں کے نام پر مقامی معزز شہریوں کی تذلیل کا سلسلہ جاری رات گئے معزز کاروباری شخصیت کو کئی گھنٹے قومی شاہراہ پر روک کر مختلف طریقوں سے حراساں کرتے رہے،اس سلسلے میں زرائع نے بتایا ہے کہ گڈانی پولیس نے سابق آئی جی پولیس کے قومی شاہراہوں پر پولیس چیک پوسٹوں کے خاتمے کے احکامات کے باوجود پولیس ناکوں کے نام پر مقامی معزز شہریوں کی تذلیل کا سلسلہ شروع کردیا ہے،شہریوں کے مطابق گڈانی پولیس رات کے اوقات میں قومی شاہراہ پر ناکے لگا کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیوں کے بجائے مقامی معزز شہریوں کو تنگ کررہی ہے زرائع کے مطابق رات گئے گڈانی پولیس نے ایک معزز شہری کو چیکنگ کے نام پر رات 11بجے سے لیکر 2بجے تک روک کر اسکو مختلف طریقوں سے تنگ کرتی رہی شہری کی جانب سے اپنے اور اپنے موٹرسائیکل کے تمام تر دستاویزات دکھانے اور اپنے موبائل فون بند ہونے کی وجہ سے گھر والوں کی پریشانی کا بتانے کے باوجود گڈانی پولیس نے ایک نہیں سنی اور اسکو مسلسل کئی گھنٹے روک کر اس دوران مختلف طریقوں سے اسکو ڈرانے کی کوشش کی، واضع رہے کہ سابق آئی جی نے قومی شاہراہوں پر تمام چیک پوسٹوں کے خاتمے کے احکامات جاری کئے تھے مگر گڈانی پولیس نے طریقہ کار بدل کر موبائل گشت اور ناکے لگا کر چیکنگ کے نام پر مقامی کاروباری شخصیات کی تذلیل کا سلسلہ شروع کیا ہے مقامی حلقوں نے ایس ایس پی لسبیلہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


