پولیس کی جانب سے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کا بھانڈا پھوٹ گیا،اہلکار گرفتار
کراچی (انتخاب نیوز) کراچی میں پولیس اہلکار اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کرنے لگے، شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کا بھانڈا درج ہونے والی ایف آئی آر سے پھوٹ گیا، سرجانی ٹائون تھانے میںاغوا برائے تاوان کی دفعہ 365A کے تحت درج مقدمہ 694/22 کے متن کے مطابق مدعی گل شاز خان ولد گلاب خان نامی راج مستری نے موقف اختیار کیا کہ اس کے بیٹے گل زمان نے اپنے پڑوسی شعیب کو زیرتعمیر مکان میں مزدوری کرنے سے منع کیا کیونکہ وہ اجرت نہیں دیتا، بیٹے کے انکار پر آدھی رات کو شعیب پولیس یونیفارم سے مشابہت رکھنے والی وردی میں ملبوس افراد کے ہمراہ اس کے گھر میں داخل ہوا اور اس کے بیٹے کو اٹھا کر پولیس موبائل طرز کی گاڑی میں ڈال کرلے گیا ، مدعی کے مطابق اس دوران جنید نامی اہلکار کو بھی اس نے پہچان لیا،بعد ازاں بیٹے کی رہائی کیلئے ملزمان نے پانچ لاکھ روپے تاوان مانگا،پولیس نے گل شاز خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کے حوالے کردی، اے وی سی سی نے سرسید تھانے میں تعینات اہلکار جنید شاہ کو گرفتار کرکے واردات میں شامل دیگر اہلکاروں کی تلاش شروع کردی۔


