آزادی صحافت کی جدوجہد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، پی ایف یو جے
کوئٹہ (انتخاب نیوز) سینئرصحافیوں، وکلا اورانسانی حقوق کمیشن کے رہنماﺅں نے اظہاررائے کیلئے مشترکہ جدوجہدکے عزم کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں صحافت کی آزادی کیلئے صحافیوں نے جیلوں کی صعوبتیں برداشت کرکے کوڑے کھائے اوراپنی جانوں کوقربان کیامگرکبھی آزادی صحافت کی جدوجہد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، موجودہ گھٹن زدہ ماحول سے نکلنے کیلئے مل کر جدوجہدکی ضرورت ہے، کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیں گے جہاں لوگ انصاف کی بات کی جاسکے ۔ ان خیالات کااظہارپی ایف یوجے کے صدرشہزادہ ذوالفقار، صدربی یوجے عرفان سعید، چیئرمین بین الصوبائی بلوچستان بارکونسل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ، پاکستان کمیشن برائے انسانی انسانی حقوق بلوچستان چیپٹرکے صدرحبیب طاہرایڈووکیٹ، سینئرنائب صدرپی ایف یوجے سلیم شاہد، بی یوجے کے جنرل سیکرٹری منظوراحمد رند، بلوچستان لیبرفیڈریشن کے رہنما عابدحسین بٹ ودیگرنے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام آزادی صحافت کی مناسبت سے منعقدہ سیمینارکے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پی ایف یوجے کے صدرشہزادہ ذوالفقارنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافی، وکلا اورانسانی حقوق کے کارکن ایک گاڑی کے پہیے کی مانندہیں، دنیابھرمیں ہرسال3مئی کو آزادی صحافت کادن منایاجاتا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں بین الااقوامی میڈیاکے ساتھ منسلک صحافیوں کو مشکلات درپیش ہیں کیونکہ حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ کوئی ایسی خبرشائع نہ ہوجس سے ان کی بدنامی ہواوروہ چاہتے ہیں کہ ان کے حق میں خبریں شائع کئے جائیں جبکہ ایک صحافی زمینی حقائق کودیکھ کر اس بارے میں رپورٹ کرتااورلوگوں کو آگاہ کرتاہے جس پر پولیس، لیویز، ضلعی انتظامیہ ودیگرحکام ناراضگی کااظہارکرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوارمیں سچ کو چھپانے کی وجہ سے بلوچستان میں حالات یہاں تک پہنچے ہیں صحافت کی آزادی کیلئے بلوچستان کے صحافیوں نے بڑی قیمت چکائی ہے اس دوران25صحافیوں کوٹارگٹ، 14کوبم دھماکوں، فائرنگ ودیگرواقعات میں شہیدکیاگیا۔ ہرواقعے کے بعد پولیس دعوے توکرتی ہے مگرہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ صوبے میں کسی ایک صحافی کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتارکرکے سزانہیں دلایاجاسکا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافیوں نے روزاول سے سخت حالات کاسامناکیامگرآج لاہور، اسلام آباداورکراچی کے صحافی اسی صورتحال سے گزررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے دورمیں آزادی صحافت کے حوالے سے پاکستان ایک سال میں 142سے145اورآخرمیں 163ویں نمبرپرآگیاجوباعث تشویش ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان بارکونسل نے جرنلسٹ ڈیفنس کمیٹی تشکیل دی اورملک کے کسی بھی حصے میں وکلا مفت میں ہمارے کیسزلڑتے ہیں،پیکاآرڈیننس کوچیلنج کرنے میں بلوچستان بارکونسل نے ہماراساتھ دیاجوخوش آئندہے مستقبل میں صحافی برادری، وکلا اورپاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کوئٹہ پریس کلب کے پلیٹ فارم سے ایک ایساپروگرام تشکیل دیں گے جہاں لوگ انصاف اورآزادی اظہار رائے کی بات کرسکیں۔


