بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی پارلیمانی گروپ کا اجلاس اتوار کو طلب

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی پارلیمانی گروپ کا اجلاس اتوار کو طلب کرلیا گیا،جمعہ کو بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی، پارٹی کے بانی سینیٹر سعید احمد ہاشمی، جنرل سیکریٹری منظور احمد کاکڑ صوبائی وزیر محمد خان لہڑی اور سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے شرکت کی، اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی پارلیمانی گروپ کے اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کرتے ہوئے پارلیمانی گروپ کا اجلاس 22 مئی شام 6 بجے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں طلب کرلیاگیا، اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام پارٹی امور کو باہمی اتفاق اور اکثریتی رائے کے ساتھ نمٹایا جائے گا جبکہ پارٹی میں تفریق پیدا نہیں ہونے دی جائے گی اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پارٹی کو متحد مضبوط اور مستحکم بنایا جائے گادریں اثناء بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے بی اے پی کے پارلیمانی گروپ کا اجلاس باقاعدہ طور پر طلب کر تے ہوئے ارکان کو مراسلہ جاری کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں