بہن بیٹی کا تقدس ملحوظ خاطرنہ رکھنا سیاسی اختلاف کا مطلب نہیں،خالد مقبول صدیقی

اسلام آباد:ایم کیو ایم کے کنوینرخالد مقبول صدیقی نے عمران خان کے مریم نواز سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ عمران خان کو گفتگو کرتے ہوئے مشرقی روایات کو سامنے رکھنا چاہیے، ماں، بہن، بیٹی کسی کی بھی ہو لائقِ عزت و تکریم ہے۔

ایک بیان میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سیاسی تقاریر میں تہذیب اور اخلاقی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھنا رہنماؤں کی ذمہ داری ہے، سیاسی قائدین کی تقلید ان کے لاکھوں فالوورز کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں قوم کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی خدمات قابل قدر ہیں، مائیں، بہنیں اور بیٹیاں ہمارے معاشرے میں سانجھی ہوتی ہیں اس لیے سیاسی اختلاف کا یہ مطلب نہیں کہ بہن بیٹی کا تقدس ملحوظِ خاطر نہ رکھا جائے۔

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھاکہ موجودہ صورتحال میں اس تقریر سے کروڑوں لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، سیاسی رہنماؤں سے اپیل ہے مستقبل میں ایسی تقاریر و بیانات سے گریز کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں