محکمہ سماجی بہبود میں کرپشن اور بے قاعدگیوں کا نوٹس لیا جائے، بی این پی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر وضلعی صدر بی این پی کوئٹہ غلام نبی مری نے اپنے ایک بیان میں محکمہ سماجی بہبود میں ہونے والی ریکارڈ کرپشن اور بے قاعدگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناظم اعلیٰ سماجی بہبود اور ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن نے معذور افراد کے ادارے میں جس بے دردی سے لوٹ کھسوٹ کی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے معذور افراد کے ادارے کو ملنے والے فنڈ کو جس طریقے سے لوٹا جارہا ہے باعث شرم ہے اور محکمے میں ہونے والے تمام تر ٹینڈرز اپنے منظور نظر ٹھیکیدار کو رشوت کے عوض نوازا جارہا ہے۔ محکمے میں 200 سے زائد اسامیوں کو فروخت کیا گیا اور جس طرح سے میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئی اس کی مثال نہیں ملتی بھرتیوں میں قانون کے مطابق کلاس فور کی تقرریاں ضلعی سطح پر کی جاتی ہیں مگر محکمہ سماجی بہبود میں کلاس فور پر ریکروٹمنٹ پالیسی کے خلاف تقرریاں کی گئیں اور صرف ضلع پنجگور کے امیدواروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی محکمانہ سروس رولز کے برعکس تعیناتیاں کی گئی ٹیکنیکل اسامیوں پر بھرتی شدہ افراد کے پاس مطلوبہ ڈپلومے موجود نہیں کمپیوٹر آپریٹر کی اسامی پر جعلی ڈپلومہ ہولڈر کی تعیناتی کی گئی جو کہ ایک مثال ہے اور اس طرح کی بے شمار بے قاعدگیاں ریکارڈ پر موجود ہیں۔ ناظم اعلیٰ سماجی بہبود اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن نے جس بے رحمانہ طریقے سے معذور افراد کے ادارے کے ساتھ جو ظلم کیا ہے وہ کسی طرح سے بھی قابل معافی نہیں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور چیف سیکرٹری بلوچستان سے مطالبہ کی ہے کہ خدارا لولے لنگڑے نابینا اور گونگے بہرے افراد کے ادارے میں مالی کرپشن اور بھرتیوں میں بے قاعدگیوں کیخلاف اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائے اور گھناؤنے جرم میں شامل ناظم اعلی سماجی بہبود اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن کیخلاف کاروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں