آصف زرداری قبل از وقت انتخابات میں رکاوٹ ہیں،شاہ محمودقریشی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری قبل از وقت انتخابات کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
سابق وزیرخارجہ اورپی ٹی آئی کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے برطانوی نشریاتی ادارے کوانٹرویو میں کہا کہ ان کی جماعت کا موقف ہے کہ جلد انتخابات ستمبرکے آخر اوراکتوبرکے آغاز میں منعقد کرائے جاسکتے ہیں۔الیکشن کمیشن نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس ٹائم لائن کے اندر جلد انتخابات ممکن ہیں تاہم اس وقت جلد انتخابات کی راہ میں رکاوٹ سابق صدر آصف علی زرداری ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن اقتدار میں رہے اور مشکل فیصلے بھی کرے جس سے اس کی ساکھ متاثر ہو جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی بغیر کسی سیاسی نقصان کے شریک اقتدار بھی رہے اور بعد میں آنے والے انتخابات میں اپنے لیے رعائیتں بھی حاصل کر سکے۔وہ سمجھتے ہیں کہ انتخابات کی صورت میں پیپلز پارٹی کو اندرون سندھ کے علاوہ کہیں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔


