عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روکا جاسکتا،شیخ رشید
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتی، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو چالیس دن پورے ہوگئے بلکہ یوں کہیں ان کاچالیسواں پورا ہوگیا ہے، آج حکومتی اتحادی کہیں گے کہ حکومت مدت پوری کرے گی، یہ تب بھی نہیں کرسکتے، جی کاجانا ٹھہر گیا ہے، مرکز میں اور پنجاب صوبہ میں صرف ایک ایک ووٹ کی اکثریت ہے، بلوچستان میں عدم اعتماد ہونے جارہی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 24 گھنٹوں میں 25 ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کیا گیا ہے، لیکن پھر بھی یہ لوگ عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں، دو چار دن اور نیچے بھی ہو سکتے ہیں۔


