نااہل نیازی نے دنیا سے تعلقات خراب کرکے پاکستان کو تنہا کردیا، فضل الرحمن
جیکب آباد: جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت نے چار سال میں پاکستان کی معیشت کو تباہ کردیا، معیشت کو درست سمت پر لانے کے لیے سب کو ایک ہونا ہوگا،تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی کوئی اہمیت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قاری محمد صدیق کھوسہ، ڈاکٹر عبید اللہ، حماد اللہ انصاری اور دیگر بھی موجود تھے۔ جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ سابقہ حکومت نے ایک طرف ملک کو معاشی طور پر تباہ کیا تو دوسری طرف بین الاقوامی دنیا کے ساتھ تعلقات خراب کرکے پاکستان کو تنہا کردیا، نااہل نیازی نے پاکستان کو معاشی طور پر تباہ اور عالمی دنیا میں تنہا کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی، ہم ملک کو درست سمت کی طرف لے جارہے ہیں۔ اس موقع پر جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن کو بتایا کہ علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اور سندھ میں جے یو آئی ایک بڑی طاقت بن کر ابھری ہے، وفد نے مزید بتایا کہ سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیاں، من پسند آر اوز کی مقرری، امیدواروں کے تائید کنندہ گان کو دھمکیاں، دھونس اور غائب کرکے دھاندلی کی جارہی ہے لیکن اس کے باوجود جے یو آئی کے امیدوار چٹان بن کر کھڑے ہوئے ہیں اور اب تک جے یو آئی کے درجنوں امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔


