چیف جسٹس پاکستان میرے گھر پر قبضے کیخلاف نوٹس لیں، سندس ملک

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ کی رہائشی سندس ملک نے کہا ہے کہ 2008ء میں میرے والد ملک محمد امین نے مقبول احمد مرحوم سے 20لاکھ روپے میں مکان خریدا، جس کے 10لاکھ روپے نقد ادا کئے گئے جس کے اسٹامپ پیپر ہمارے پاس موجود ہیں اب آصف اعوان، سعید اعوان اور نسیم اعوان ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں کہ یہ مکان ہم نے 23لاکھ میں خرید لیا ہے اور مکان خالی کردیں، انہوں نے احسن رفیق کو اپنا وکیل بناکر کورٹ سے بھی ہمارے خلاف فیصلہ کرایا، ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اسکا نوٹس لیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہاکہ میں اور میرے اہل خانہ گل محمد لائن مشن روڈ کوئٹہ میں رہائش پذیر ہیں۔ ہم نے دیگرعدالتوں سے بھی رجوع کیا لیکن عدالتوں نے سول کورٹ کے فیصلے کو بنیاد بناکر ہمارے خلاف فیصلے کئے اور جب ہم نے سپریم کورٹ میں اپیل کی تو ہمارے وکیل کو خریدا گیا ا ور ہمارے خلاف فیصلہ آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں ہمارے پاس رہنے کیلئے اور کوئی جگہ نہیں ہے ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ہم چیف جسٹس آف پاکستان اور حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمیں تحفظ اور انصاف فراہم کریں بصورت دیگر ہم خود کشی کرنے پر مجبور ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں