کوئٹہ اور لسبیلہ کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان جون کے آخر میں ہوگا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کوئٹہ اور لسبیلہ کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ماہ جون کے آخری ہفتے میں کریگا جبکہ صوبے کے حالیہ بلدیاتی انتخابات کے دوران 6پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عمل میں بے جا مداخلت کے واقعات کے ذمہ داران کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر آ ف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ جس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔الیکشن کمیشن کو صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر بھی بریف کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے صوبہ بلوچستان میں 29مئی 2022ء کوہونے والے انتخابات کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ جن 6پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عمل میں بے جا مداخلت، انتخابی سامان کا چھیننا، بیلٹ پیپروں کو جلانا اورپولنگ اسٹاف کو یرغمال بنانے کے واقعات ہوئے ہیں۔ ان تمام ذمہ داران کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، لسبیلہ کی تمام کونسلوں کیلئے جبکہ دکی، مستونگ، جعفرآباد کی رہ جانے والی یونین کونسلز اور ژوب میونسپل کمیٹی کیلئے الیکشن شیڈول جون 2022ء کے آخری ہفتہ میں جاری کیا جائے گا۔


