بولان میڈیکل کالج میں ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی بطور رجسٹرار تعیناتی قبول نہیں، ٹیچرز یونین
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن (بی ایم ٹی اے)بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز (بی یو ایچ ایم ایس )میں جامعہ بلوچستان کے فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی بطور رجسٹرار تعیناتی کسی صورت قبول نہیں کرے گی کیونکہ بی یو ایچ ایم ایس کی رجسٹرار کی تعیناتی بارے پہلے سے ہی کیس ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے ، بی ایم ٹی اے گورنر اور وزیراعلی بلوچستان سمیت دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز میں میرٹ پر رجسٹرار کی تعیناتی عمل میں لانے کے لئے احکامات جاری کریں ۔ بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ بیا ن میں کہا گیاہے کہ بلوچستان یونیورسٹی کے ایک حالیہ نوٹیفکیشن میں جامعہ بلوچستان کے ڈیپارٹمنٹ آف فارمیسی کے ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر کی بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز میں بطور رجسٹرار تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جس کی نہ صرف بی ایم ٹی اے بھرپور الفاظ میں مذمت کرتی ہے بلکہ اس کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار کی تعیناتی سے متعلق پہلے سے ہی کیس ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے ، بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز جو صوبے کی واحد میڈیکل یونیورسٹی ہے جس میں رجسٹرار کی پوسٹنگ پر میڈیکل فیکلٹی کے ڈاکٹر کی تعیناتی ضروری ہے نہ کہ باہر سے کسی کو لا کر رجسٹرار تعینات کیا جائے حالانکہ اس سے پہلے بھی اس طرح کا ایک ناکام تجربہ کیا گیا ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ گورنر ، وزیراعلی بلوچستان و دیگر متعلقہ حکام بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز کے رجسٹرار کی تعیناتی کے لئے پوسٹ مشتہر کرتے ہوئے میرٹ پر میڈیکل فیکلٹی کے ممبر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر بی ایم ٹی اے احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔


