نوجوان کو گولی مارنے والے 2 ڈاکو شہریوں کے ہاتھوں ہلاک، تیسرا بھی قریب المرگ

کراچی (انتخاب نیوز) اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر تحسین ولد جاوید نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے تین ڈاکوئوں کو شہریوں نے گھیر لیا اور شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لہولہان کردیا، مشتعل افراد نے ڈاکوئوں کو بھاری پتھر مار مار ان کی ہڈیاں توڑ ڈالیں جبکہ ان کے سروں پر بھی بلاک برسائے، پولیس کے پہنچنے تک تینوں ڈاکو ادھ مرے ہوچکے تھے، پولیس نے بڑی مشکل سے ڈاکوئوں کو شہریوں کے چنگل سے نکال کر عباسی شہید اور بعدازاں جناح اسپتال منتقل کیا جہاں دو نامعلوم ڈاکو دم توڑ گئے جبکہ تیسرے کی حالت بھی انتہائی تشویشناک ہے، مزاحمت پر زخمی نوجوان کو ایک گولی پاؤں دوسری کمر میں لگی ہے، پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ مزید برآں نارتھ کراچی سیکٹر 11-C/3 عمر پلازہ کے قریب فائرنگ سے عارف ولد ہمّت شاہ زخمی ہوا جبکہ کورنگی انڈس چورنگی کے قریب پولیس مقابلے میں ملزم فیاض احمد ولد بشیر احمد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں کریم آباد سمبروز اسپتال کے قریب مین روڈ پر ریورس آنے والی پک اپ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور ڈمپر تلے آکر کچلا گیا۔ پولیس حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کو تلاش کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں