عوام کو صحت، تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے کفایت شعاری کے فروغ اور اخراجات میں کمی کے لیے صوبائی کابینہ کے فیول کوٹہ اور دیگر مراعات میں پچاس فیصد کمی کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کے حالیہ اجلاس میں سرکاری ملازمین پنشن میں 10فیصد اضافہ، بی ڈی اے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے،کھاد پر سبسڈی فراہم کرنے،گندم کی درآمدی قیمت میں 200روپے کا اضافہ اور حب،کاریزات اور اوستہ محمد کو ضلع بنانے کی اصولی منظوری دیدی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے صوبے کے 100بنیادی مراکز صحت کو بی ایچ یو پلس اور 30 بنیادی مراکز صحت کو آر ایچ سی پلس کا درجہ دیدیا گیا ہے جبکہ شعبہ صحت کی بند اسکیموں پر دوبارہ کام کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئیٹہ کے شہریوں کی پینے کے پانی سے متعلق مشکلات کے حل کے لیے 170واٹر سپلائی سیکمیں محکمہ واسا کے حوالے کرنے کے لیے کمیٹی کی تشکیل جبکہ ڈیرہ بگٹی میں پیرکوہ اور زین کو میں واٹر سپلائی اسکیم کی بھی منظوری دی گئی ہے۔۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے عوام کو صحت تعلیم روزگار اور پانی کی فراہمی سے متعلق سہولیات کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے بنیادی مسائل میں کمی واقع ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں ترقی کی رفتار تیز اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے پی ایس ڈی پی میں منصوبوں کی نشاندھی اور انتخاب کے طریقہ کار میں ترمیم کی بھی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے حالیہ فیصلوں کے اثرات جلد آنا شروع ہونگے اور عوام ان فیصلوں کے ثمرات سے جلد مستفید ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں