شدید گرمی کے دوران بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے
کراچی (انتخاب نیوز) کے الیکٹرک کی جانب سے شدید گرمی کے دوران گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہر قائد میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر اہالیان علاقہ نکل آئے ، بینرزاور پلے کارڈ اٹھائے مظاہرین نے کے الیکٹرک انتظامیہ کےخلاف شدید نعرے بازی کی ، مظاہرین کی جانب سے سڑک پر دھرنا بھی دیا گیا جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا، مظاہرین فوری طور پر لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کررہے تھے۔ قبل ازیں کالا پل پر بھی عوام نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلا ف احتجاج کرتے ہوئے روڈ بند کردیا جس کے باعث ٹریفک بدترین جام ہوگیا۔ دریں اثناء گرمی کے باعث بجلی کی بڑھتی طلب کے پیش نظر کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ پلان میں تبدیلی کااعلان کردیا، ترجمان کے الیکٹرک کی ٹوئٹ کے مطابق شہر قائد کے مستثنیٰ علاقوں میں بھی 3گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے گی ، لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں دورانیہ ایک سے دو گھنٹے کم کیا جائے گا ۔


