شہر قائد میں پولیس مقابلوں کے دوران ایک رہزن مارا گیا، 5 زخمی ملزمان گرفتار

کراچی (انتخاب نیوز) شہر قائد میں پولیس مقابلوں کے دوران ایک رہزن مارا گیاجبکہ 5ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹائون نمبر 14 شاہ فیصل چوک پر اکبری مسجد کے قریب پولیس اہلکار کی فائرنگ سے 30 سالہ ڈاکو مارا گیا۔ پولیس کے مطابق کانسٹیبل سعد نے ڈیوٹی ختم کرکے جاتے ایک شہری کو رہزن کے ہاتھوں لٹتے ہوئے دیکھا ،بعدازاں ملزم کے تعاقب اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم کو ہلاک کردیا، بعدا زاں ملزم کی شناخت پٹھان کالونی کے رہائشی ثناء اللّٰہ ولد بخمل ملک کی حیثیت سے ہوئی، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، پولیس کے مطابق ہلاک ملزم نےصبح سویرے غازی آباد میں بھی ایک شخص سے موبائل فون چھینا تھا ، مذکورہ شخص نے ہلاک ملزم کو شناخت کرلیا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اختر اوڈھو نے کانسٹیبل سعد کونقد انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان کی۔ دریں اثناء عوامی کالونی پولیس نے صائمہ ریذیڈنسی نزد باغ کورنگی کے قریب مقابلے کے دوران ملزم رضوان ولد ابو سعید کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ، موبائل فون برآمد کرلیا۔نیو کراچی سیکٹر 16-B کے قریب پولیس مقابلے کے دوران شیر زادہ ولد مشری ملک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ لسبیلہ نشتر روڈ جانان ہوٹل کے قریب مقابلے کے دوران رفیق ولد ناصر خان اور نسیم ولد رفیق کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔ بفرزون سیکٹر-16 بروہی گوٹھ قبرستان کے قریب پولیس نے مقابلے کے دوران زخمی ملزم سدہیر ولد قاسم کو گرفتار کرکے عباسی ہسپتال منتقل کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں