سی پیک روڈ پر 9اسپیشل اکنامک زون بنیں گے،گوادر پورٹ پر کوئی کام نہیں ہوا،مفتاح اسماعیل
اسلام آباد :وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سی پیک کے روٹ پر 9 سپیشل اکنامک زون بنائے جائیں گے جن پر چین اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کو کارخانے لگانے کی سہولت دی جائے گی۔جمعہ کو بجٹ تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومت نے ایک بھی نیا سپیشل اکنامک زون نہیں بنایا۔ 2018 تک سی پیک کے تحت انفراسٹرکچر کا بہت سا کام مکمل کیا جا چکا تھا اور اب اس کو معیشت کے لئے بروئے کار لانا ضروری ہے۔ چین کی حکومت کے ساتھ یہ طے پایا تھا کہ سی پیک کے روٹ پر 9 سپیشل اکنامک زون بنائے جائیں گے جن پر چین اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کو کارخانے لگانے کی سہولت فراہم کی جائے گی تاہم گزشتہ حکومت نے اس کام کی رفتار میں بہت سی رکاوٹیں کھڑی کیں اور ابھی تک ایک بھی سپیشل اکنامک زون فعال نہیں ہو سکا۔ بلوچستان کے طالب علموں کو 5 ہزار تعلیمی وظائف دئیے جائیں گے۔ بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کواضافی تعلیمی وظائف دیں گے۔ بلوچستان کے تعلیمی شعبے کو بہترین تعلیمی سازوسامان مہیاکیاجائے گا،صنعتیں چلانے والے فیڈرز پر صفر لوڈشیڈنگ ہوگی،چھوٹے کاروبار خاص طور پر کاروباری خواتین کے لئے کم ازکم ٹیکس بریکٹ 4 لاکھ سے 6 لاکھ کی جارہی ہے۔


