بلوچستان میں پیدواری شعبوں میں تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرینگے، برٹش کونسل

کوئٹہ (انتخاب نیوز) برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر عامر رمضان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پیدواری شعبوں خصوصاً ٹی وی ای ٹی سیکٹر میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرینگے تاکہ تربیت یافتہ افراد صوبے میں پیداواری شعبہ جات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اپنی توانائیاں بروئے کار لاسکیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کوئٹہ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پرہیڈ آف ہائیر ایجوکیشن اینڈ ٹیکنکل برٹش کونسل سائرہ پرویز‘وائس پرنسپل ٹی ٹی سی کوئٹہ محمد اعظم رئیسانی، آفس سپرنٹنڈنٹ عارف شاہ، ورکشاپ سپرنٹنڈنٹ عبدالولید، چیف انسٹرکٹر ذاکر حسین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ پرنسپل ٹی ٹی سی کوئٹہ شعیب انور شیرازی نے انہیں مختلف شعبوں کا دورہ کروایا۔ برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ انسٹرکٹر محنت و دلجمعی اور جدید دور کے تقاضوں سے ٹرینرز کو فنی تعلیم سے ہم آہنگ کریں اور اپنی فنی قابلیت میں بھی اضافہ کریں کیونکہ انسٹرکٹر جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوگا تو وہ ٹرینرز کی درست انداز میں تربیت کرسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے تاکہ وہ صوبے میں پیداواری شعبہ جات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اپنی توانائیاں بروئے کار لاسکیں۔ انہوں نے سیکرٹری محنت و افرادی قوت طار ق قمر بلوچ کی کاوشوں کو بھی سراہا جن کی قیادت میں صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی لگن سے فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا کردارادا کرتے رہیں گے۔ پرنسپل ٹی ٹی سی کوئٹہ شعیب انور شیرازی نے انہیں بتایا کہ ٹی ٹی سی کوئٹہ گزشتہ چار دہائیوں سے کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع کو فنی تربیت دے رہا ہے اس طویل عرصے میں ہزاروں کی تعدا دمیں یہاں سے فارغ التحصیل ہونیوالیمختلف شعبوں میں اپنی کارکردگی کا لوہا منوا چکے ہیں انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کیتقاضوں سے ہم آہنگ فنی کورسز بھی متعارف کرائے گئے ہیں ہماری کوشش ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ آگے جا کر انہیں اپنے روز گار کے حوالے سے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں