بلوچستان ہائی کورٹ میں صوبائی حلقہ بندیوں سے متعلق درخواست نمٹا دی گئی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس جناب جسٹس روزی خان بڑیچ پرمشتمل ڈویژنل بینچ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تشکیل کردہ صوبائی حلقہ بندیوں سے متعلق درخواست نمٹا دی۔ گزشتہ روز درخواست گزر رکن اسمبلی احمدنواز بلوچ کی جانب سے بیرسٹر عامر لہڑی ایڈووکیٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی درخواست دائر کی گئی تھی سماعت کے دوران ڈویژنل بینچ نے اعتراضات پر مشتمل درخواستیں نمٹائیں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن میں دائر درخواستیں پہلے ہی زیر سماعت ہیں اس لئے ان پر فیصلہ جاری نہیں کرینگے، 30 جون تک سیاسی جماعتوں سمیت ہر شخص کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا اختیار حاصل ہے ڈویژنل بینچ نے کہاکہ متاثرہ حلقوں کے شہری 30جون تک الیکشن کمیشن میں درخواستیں جمع کرائیں، موجودہ صوبائی حلقہ بندیوں پر ایک سیاسی جماعت کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتراض ہے، الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں اور شہریوں کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے حلقہ بندیوں سے متعلق فیصلہ کرے الیکشن کمیشن کی جانب سے اعتراضات نمٹائیں جانے کے بعد کسی کو اعتراض ہوا تو ضرور سنیں گے۔


