امریکہ کا افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے 55 ملین ڈالر امداد کا اعلان
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی فوری مدد کے لیے 55 ملین ڈالر امداد فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کی افغانستان کے عوام کے لیے ایک پائیدار وابستگی ہے اور ہم اپنے بین الاقوامی شراکت داروں سے اس مشکل وقت میں مدد کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امریکا افغانستان کو فوری مدد کے لیے 55 ملین ڈالر فراہم کرے گا اور یہ رقم ضروری اشیائے خوردو نوش، کپڑوں، کھانے پکانے کے سامان، کمبلوں، جیری کینز اورصفائی کے سامان کی فراہمی پر خرچ ہو گی تاکہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچا جا سکے۔واضح رہے کہافغانستان میں 22جون کو آنے والے تباہ کن زلزلے میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور تقریباً 2ہزار زخمی ہو گئے جبکہ دسیوں ہزار گھر تباہ ہو گئے تھے۔


