ملک میں 13 سالہ عرصے میں مہنگائی بلند ترین شرح 21.32 فیصد ہوگئی، ادارہ شماریات
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ملک بھر میں مہنگائی کی شرح 21.32 فیصد ہوگئی جو 13 سال سے زائد عرصے کی بلند ترین شرح ہے۔پاکستان کے ادارہ شماریات کی طرف سے جاری ماہانہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق جون میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 21.32 فیصد ہوگئی ہے جو دسمبر 2008 کے بعد مہنگائی کی سب سے زیادہ شرح ہے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں زیادہ سے زیادہ مہنگائی 14.6 فیصد رہی تھی جبکہ رواں سال مئی کے مقابلے جون میں مہنگائی کی شرح میں 6.34 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا۔جون میں شہری مہنگائی کی شرح 6.19 جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی 6.57 فیصد بڑھی۔اعداد و شمار کے مطابق مئی 2022 میں مہنگائی کی شرح 13.76 فیصد تھی جبکہ جون 2021 میں مہنگائی کی شرح 9.7 فیصد تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون میں دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 23.6 فیصد رہی جبکہ جون میں شہری علاقوں میں مہنگائی 19.8 فیصد رہی۔مالی سال 22-2021 کے لیے مقرر کردہ 8 فیصد اوسط مہنگائی کا ہدف بھی حاصل نہ ہوسکا اور گزشتہ مالی سال میں اوسط مہنگائی 12.15 فیصد رہی۔متعدد شعبوں میں دوہرے ہندسے کی مہنگائی دیکھی گئی لیکن یہ رجحان زیادہ تر ٹرانسپورٹ کے شعبے میں دیکھا گیا جس میں 62.17 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ خراب ہونے والی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 36.34 فیصد اضافہ ہوا۔


