این 55 تا این 70 سڑک کی ناقص تعمیر کا نوٹس لیا جائے، پشتونخوا میپ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں درگئی شبوزئی مرغہ کبزئی موسیٰ خیل تا تونسہ شریف روڈ N-70 To N-55 سڑک کی تاحال تکمیل نہ ہونے اور مختلف سیکشنز پر غیر معیاری اور ناقص مٹریل کے استعمال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ بین الصوبائی شاہراہ جس کی کل تخمینہ لاگ تقریباً 10ارب روپے ہے اور 170کلو میٹر سڑک ہے جس کا ٹینڈر 2017ء میں ہوچکا ہے اور اس روڈ کی تعمیر کو مختلف حصوں پر تقسیم کیا گیا ہے جس میں 6حصے روڈجبکہ تین حصے برجز کے ہیں لیکن تاحال 2022ء میں بھی یہ روڈ کی تعمیر کو پائے تکمیل تک نہیں پہنچایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ شاہراہ کے پہلے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر نے ملکر ٹھکیداروں کو مختلف سیکشنز کی تعمیر کیلئے مقررہ حدسے زیادہ ایڈوانس پیمنٹ کی لیکن ان کی جانب سے 50فیصد کام بھی نہیں کیا گیا اس روڈ کے PDکو بعد میں کرپشن کی بنیاد پر اپنے عہدے سے برطرف کیا گیا اور دوسرے PDکو تعینات کیا گیا جنہوں نے آتے ہی مختلف پورشن پر غیر معیاری وناقص مٹیریل کے استعمال اور سست روی اور کرپشن کرنیوالوں کے خلاف سختی سے کارروائی کی جس بنا پر پورشن 4اور پورشن 5اور پورشن 6، پورشن 8کے ٹھیکیداروں کو قانونی نوٹس دیئے گئے یہاں تک کے پورشن 4اور پورشن5پر کام کرنیوالی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا گیا۔ لیکن بعد میں مذکورہ PDکو بھی صوبائی وزیر اور محکمے کے اعلیٰ آفیسران کی ملی بھگت سے ٹرانسفر کردیا گیا۔ اسی طرح پورشن2، پورشن 4،پورشن 5، پورشن 8پر اب تک کام شروع نہ ہوسکا اور پورے پورے پورشن 6پر غیر معیاری مٹیریل کا استعمال ہوا ہے۔ بیان میں صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ موسیٰ خیل تا تونسہ شریف روڈ N-70 to N-55سڑک کی فی الفور معیاری مٹیریل کے ساتھ تعمیر کو یقینی بناتے ہوئے جلد از جلد اسے پائے تکمیل تک پہنچایا جائے جبکہ شاہراہ کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والے آفیسران، ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے جو غیر معیار ی وناقص میٹریل اور سست روی کے ساتھ کام کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔


