یمن میں چار بچے بارودی سرنگوں کی زد میں آکر جاں بحق

صنعاء (مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول علاقے میں چار بچے بارودی سرنگوں کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والے ایک بچے کے والد اور محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ بارودی سرنگوں کی زد میں بچے اس وقت آئے جب ایک بچے کا پاوں بارودی سرنگ کے اوپر آگیا۔مقامی ذرائع کا کہنا تھا کہ سات بچوں کا ایک گروپ بحر احمر کے ایک شہر میں ائیر پورٹ کے نزدیک سے کھلے علاقے میں پیدل جا رہا تھا، اس علاقے میں بارودی سرنگیں زیر زمین بچھائی گئی تھیں۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں بارودی سرنگیں شہریوں کی زندگی کے لیے ایک مسلسل خطرے کے باعث ہیں۔ان سات بچوں میں سے تین بچے بارودی سرنگوں کے پھٹنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ چوتھے بچے کا ہسپتال پہنچنے کے بعد انتقال ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان جاں بحق ہونیوالے بچوں کی عمریں دس سے پندرہ سال تک تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں