سبی میں مشتبہ افراد کے قبضے سے ہماری املاک واگزار کرائی جائے، متاثرین

کوئٹہ (انتخاب نیوز) سبی کے رہائشی علی حسن نے کہا ہے کہ سبی میں مشتبہ افراد نے ڈیرے ڈال کر ہمارے چھ افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا جبکہ ہماری املاک پر قبضہ کیا، حکام بالا نوٹس لیکر ہمیں انصاف فراہم کریں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہو ں نے کہاکہ میرا نام علی حسن اور تعلق ضلع سبی سے ہے 2006ء میں مشتبہ افراد نے جن میں میر نواز اپنے بھائیوں اور دیگر افراد کے ساتھ حملہ کرکے ہماری زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی اس حملے میں ہمارے دو افراد محمد یعقوب اور اللہ ڈنہ قتل ہوئے جبکہ مشتبہ افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ ان ملزمان کیخلاف جب ہم نے ایف آئی آر درج کرنے کیلئے سبی انتظامیہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے ٹال مٹول سے کام لیا۔ سبی انتظامیہ کے عدم تعاون کی وجہ سے اور نااہلی کا فائدہ اٹھا کر ان ملزمان نے 2015ء میں پھر ہمارے دو نوجوان عبدالستار اور محمد انور کو بے دردی سے قتل کیا جن کیخلاف بھی ایف ائی آر کاٹی گئی لیکن آج تک سبی انتظامیہ نے کچھ نہیں کیا، البتہ ہمیں کہا کہ وہ لوگ تربت میں آباد ہوگئے، تربت انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس کے بعد ان لوگوں نے ہمارے دو افراد میرا بھائی مولا بخش اور کزن شاہ نواز کو اغوا کرکے بعد میں قتل کردیا اسی طرح سبی میں آنے کے بعد ان لوگوں نے 6 اپریل 2022ء کو پھر ہمارے گھروں پر فائرنگ کی اور املاک کو شدید نقصان پہنچایا، ساتھ میں ہمارے چچا بشام خان کو شدید زخمی کردیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ سمیت دیگر حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور سبی انتظامیہ کو ان مشتبہ افراد کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیں، انصاف نہ ملنے کی صورت میں اپنے بچوں کیساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے خودسوزی کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں