بلوچستان میں بارش اور سیلاب سے مزید 9افراد جاں بحق ہوگئے
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات کا سلسلہ جاری ہے صوبے میں مزید 9افراد جاں بحق ہوگئے جسکے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 136تک پہنچ گئی ہے جبکہ 13ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے زرعی علاقوں میں کھڑی فصلوں اور باغات کو بھی شدید نقصانات کا سامنا ہے۔ پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 9 افراد بارشوں کی نذر ہوگئے ہیں جسکے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 136 تک پہنچ گئی جاں بحق ہونے والوں میں 56 مرد 33 خواتین اور 47 بچے شامل ہیں اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئی ہیں بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 70 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 46 مرد 10 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں مجموعی طور پر صوبے بھر میں 13 ہزار 535 مکانات منہدم اور جزوی نقصان پہنچا ہے بارشوں میں 640 کلو میٹر پر مشتمل مختلف 6 شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں جبکہ مختلف مقامات پر 16 پل ٹوٹ چکے ہیں بارشوں اور سیلابی صورتحال سے 23 ہزار 13 مال مویشی مارے گئے ہیں تو وہیں مجموعی طور پر 19 لاکھ 79 ہزار 30 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں، سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔


