حوثیوں کو پاسدران انقلاب کی زیر نگرانی ایران سے اسلحہ اسمگلنگ کا انکشاف
صنعاء (مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کی سکیورٹی فورسز نے ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کے ایک اسلحہ سمگلنگ سیل کا انکشاف کیا ہے۔ یہ اسلحہ اسمگلنگ ایران سے کی جارہی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس امر کا یمن کی سکیورٹی فورسز نے اپنے ایک باضابطہ اعلان میں کیا ہے۔ یمی فورسز کے اعلان کے مطابق اسمگلنگ کے لیے قائم یہ سیل چار افراد پر مشتمل ہے اور چاروں کا تعلق ابوظہر کے علاقے سے ہے جو حدیدہ کی گورنری کے ضلع خوخہ میں واقع ہے۔یمنی جوائنٹ فورسز نے ہفتے کے روز اس بارے میں ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں ان فراد کو اسلحہ اسمگلنگ کا اعتراف کرتے دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ یہ لوگ ایران کی بندرگاہ بندر عباس کے راستے یہ اسلحہ سمگل کرتے رہے اور اس سلسلے میں انہیں ایک اور فرد کی مدد حاصل ہے جو حدیدہ سے تعلق رکھتا ہے اور حوثیوں کے لیے کام کرتا ہے۔ اسمگلنگ کا اعتراف کرنے والے ان افراد نے یہ بھی بتایا کہ اسلحہ اسمگلنگ کی نگرانی ایرانی پاسداران انقلاب کے ماہرین کرتے ہیں۔یمن کے وزیر اطلاعات،معمر الاریانی نے اس بارے میں کہا ہے کہ اسلحہ اسمگلروں کا اعتراف یہ تصدیق کرتا ہے کہ ایران نے حوثیوں کو اسلحہ کی سپلائی جاری رکھی ہوئی ہے۔ ایران کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی بھی۔ ‘معمر الاریانی نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے یہ بھی کہا کہ اس اعترافی بیان کیسامنے آنے سے یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ ایران یمن میں جنگ بندی کے لیے کوششوں کو کمزور کر رہا ہے اور حوثیوں کو یمنی عوام کی قتل و گارتگری کے لیے استعمال کرتا ہے، یمن کو غیر مستحکم کر رہا ہے، یمن میں افرتفری اور خطے میں شدت پسندی پھیلا رہا ہے۔


