بلوچستان کوکالونی کی طرز پر چلانے کے بجائے عوام کی داد رسی کی جائے، این ڈی پی

 کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ تباہ حال بلوچستان جو حالیہ بارشوں کے سبب مزید تباہی کے کنارے پہنچ گیا ہے، جہاں سڑکیں شاہراہیں بہہ گئے ہیں، ڈیم ٹوٹ گئے ہیں، بالخصوص ضلع لسبیلہ میں موسلادھار بارشوں، اور مسلسل سیلابی ریلوں نے پلوں سمیت متبادل راستوں کو بھی بہالیا ہے۔ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کی وجہ سے عوامی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ندی نالوں میں طغیانی کا آجانا اور ماہیگیروں کو سمندر سے روکنا بلوچستان کے مسائل میں بد ترین اضافہ کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں بلوچستان کے عوام در بدر ہو کر رہ گئے ہیں۔ ایک طرف بھوک پیاس سے بے حال بلوچستان کی عوام اور دوسری طرف مختلف بیماریوں خاص کر ڈائیریا، ملیریا، جلد کی بیماری، ڈینگی کے بڑھنے کے سبب اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ اقوام متحدہ بھی اپنا کردار ادا کرے اور بلوچستان کو آفت زدہ قرار دے کر میڈیکل ایمرجنسی نافذ کرے۔ ترجمان نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے سبب بلوچستاں میں صوبائی و وفاقی حکومتوں کی کارکردگی واضح طور پر عوام کے سامنے آچکی ہے۔ بلوچستان کی موجودہ صوبائی حکومت سرکاری خزانے کی لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہے۔ دوسری جانب عوام بارشوں کے وجہ سے بے یار و مددگار پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ ایوان میں بیٹھے نام نہاد عوامی نمائندوں کی دلچسپی اس عمل سے ظاہر ہے کہ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس دوسری بار کورم کے نا مکمل ہونے کے باعث ملتوی کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ڈیموں کی عدم دستیابی کے باعث ایک طرف بارش کے پانی کو محفوظ نہیں کیا گیا اور وافر مقدار میں پانی بہہ جانے کے باعث گسھی پسی انفراسٹکچر بھی تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ پنجگور میں صرف کجھور کے باغات کو ایک ارب سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان کو کالونی کے طرز پر چلانے کے بجائے عوام کی داد رسی کرے۔ مال بردار اور زمینداروں کے نقصانات کا ازالہ کرے اور فی الفور خستہ حال سڑکوں اور ٹوٹے ہوئے پلوں کا کام مکمل کر کے بحالی کو ممکن بنائے۔ بلوچستان کے عوام کو اب مزید دھوکے میں نہیں رکھا جاسکتا اور جبر و تشدد کی پالیسیوں سے انہیں انکے بنیادی حقوق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ لہٰذا وفاقی حکومتوں پر ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ریاستی وسائل کو بلوچستان کے تباہ اور مفلوک الحال علاقوں میں فوری طور پر استعمال میں لائے۔ ترجمان نے بیان کے آخر میں کہا کہ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی مشکل وقت میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہے اور حتی الوسع اپنے تمام ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے بارشوں سے متاثرہ لوگوں کے بحالی تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں