سرخ لکیروں کا احترام کیا گیا تو جوہری ہتھیاروں پر معاہدہ ہوسکتا ہے، ایران
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ ویانا میں جوہری مذاکرات کے تازہ ترین دور میں نسبتا پیش رفت ہوئی ہے اور اگر اسلامی جمہوریہ ایران کی سرخ لیکروں کا احترام کیا گیا تو ایک معاہدہ طے پا سکتا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ہم ایک معاہدے کے قریب ہیں، لیکن اس شرط پر کہ ایران کی سرخ لکیروں کا احترام اور ملک کے بنیادی مفادات کو سامنے رکھا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ اعلی سطح پر مشاورت کی جا رہی ہے۔ناصرکنعانی نے کہا کہ ہمیں دوسری طرف سے اور بھی توقعات ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ایران کے تمام مفادات کو مد نظر رکھا جانا چاہیے۔جوہری مذاکرات کا تازہ ترین دور پانچ ماہ کے وقفے کے بعد اگست کے اوائل میں آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقد ہوا تھا۔ یورپی یونین(ای یو)نے 8 اگست کو جوہری معاہدے کی بحالی سے متعلق مسودے کے فیصلے کا "حتمی مسودہ” پیش کیا تھا جس پر ویانا مذاکرات کے شرکا کے سیاسی فیصلوں کا انتظار کیا جا رہا ہے۔


