سیلاب متاثرہ علاقوں میں سیاسی بنیاد پر امداد دینا قابل مذمت ہے، عارف جان محمد حسنی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) سیاسی و قبائلی رہنماؤں میر عارف جان محمد حسنی، میر بلال جان محمد حسنی نے کہا ہے کہ ضلع آواران پاکستا ن کا سب سے بڑا پسماند ہ ترین ضلع ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان چاند بن چکا ہے جو دن کو تو نظر نہیں آتا بلکہ رات کو نظر آجاتا ہے، مون سون کی بارشوں اور اس کے بعد سیلاب کی تباہ کاریوں نے تباہی مچادی ہے، حکام بالا نوٹس لیکر ضلع آواران مشکے اور جھا ؤ میں عوام کے ساتھ ہونے والے زیادتی اور امتیازی سلوک کا نوٹس لیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مسلسل بارشوں سے حالات دن بدن خراب ہوتے جارہے ہیں، بارش اور سیلاب کے بعد آنے والی تباہ کاریوں میں سب سے اہم وبائی امراض کا پھیلنا ہے، ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلات اور باغات تباہ ہوچکے ہیں، ہیضے، ڈینگی وائرس، ملیریا، ٹائیفائیڈ اور مختلف قسم کی بیماریوں نے بھی سرا ٹھالیا، ساتھ میں سانپ کے کاٹنے کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں، حالیہ تباہ کاریوں کو عوام اور حکومت کے سامنے لانے میں بھی شدید مشکلات درپیش ہیں ایک تو حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں دوسری طرف حالیہ بلدیاتی انتخابات میں حزب اختلاف کو ووٹ دینے والوں کے ساتھ بھی برا سلوک جاری ہے، ضلع آواران سے منتخب ہونے والے میر عبدالقدوس بزنجو صوبے کے انتظامی سربراہ ہیں اور ان کے حلقہ انتخاب کے عوام پناہ گاہوں سے متلاشی بن چکے ہیں، سیلاب متاثرین بے بسی کی تصو ربن چکی ہے کسی معجزے کے منتظر ہیں، انتظامی سرگرمیوں سے عوام جھولیاں پکڑے آسمان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع آواران کے پسماندہ اور بے یار ومددگار عوام کی آواز کو عالمی اداروں اور حکام بالا تک پہنچانے کیلئے میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ ہم حکام بالا سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ اس انسانی المیہ سے بچنے کیلئے بروقت اقدامات اٹھائے جائیں اور قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کیلئے امداد کی جائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیراعلی بلوچستان چاند بن چکا ہے جو دن کو تو نظر نہیں آتا بلکہ رات کو نظر آجاتا ہے۔


