لورالائی، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مختلف امراض پھیلنے لگے
لورالائی (انتخاب نیوز) قدرتی آفات سے شدید متاثر لورالائی کے دور دراز علاقوں سرغنڈ سے لیکر میختر تک کے لوگ حالیہ بارشوں اور سیلابوں کے بعد سانس، پیٹ اور جسم پر خارش جیسی بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں ابتک ہیضے کی وباء سے کلی شاہ کاریز کے رہائشی نیازی قوم کے چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ایک طرف چھت کا نہ ہونا دوسری طر ف بھوک افلاس تیسری جانب بیماریوں سے متاثرہ علاقوں کے لوگ شدید پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ لورالائی کے عوامی و سماجی حلقوں نے کور کمانڈر بلوچستان، آئی جی ایف سی بلوچستان، سیکرٹری صحت بلوچستان، صوبائی وزیر صنعت و تجارت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے پریشان حال عوام کی نظریں فوج اور محکمہ صحت پر لگے ہیں کہ کب فوج کے جوان لورالائی کے مختلف متاثرہ علاقوں میں آکرمتاثرہ عوام کے دکھ درد کا مدوا کریں اور فوری طور پر فری میڈیکل کیمپ لگا کر انکو مختلف بیماریوں سے نجات دلائیں۔ عوامی حلقوں نے کہا کہ سب سے پہلے زندہ رہنا ضروری ہے اور زندہ رہنے کے لیے صحت کا ٹھیک ہونا ضروری ہے۔ عوامی حلقوں نے کہا کہ اس وقت دور دراز ایسے علاقے بھی ہیں جہاں رابطہ روڈ نہ ہونے کی وجہ سے غذائی قلت کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریاں پھیلی ہوئی ہیں جنکا فوری طور پر تدارک ضروری ہے۔


