جیکب آباد، سیلاب متاثرین کی امدادی رقم سے کٹوتی کرنے پر ایجنٹ گرفتار
جیکب آباد (انتخاب نیوز) سیلاب متاثرین کی امدادی رقم سے کٹوتی کرنے پر پولیس نے ایک ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد متاثرین کی مدد کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 25ہزار روپے کی قسط جاری ہونے کے بعد ایجنٹ مافیا سرگرم ہوگیا ہے، ڈوائس مافیا کی جانب سے متاثرین کی امدادی رقم میں سے جبری طور پر 2 ہزار روپے کٹوتی کی جارہی ہے، ایجنٹ مافیا کی جانب سے متاثرین کی امدادی رقم میں کٹوتی کی شکایات پر ایس ایس پی جیکب آباد سمیر نور چنا نے ضلع کے تمام پولیس اسٹیشن کو رقم میں کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ گزشتہ روز اے سیکشن تھانہ ٹھل کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے سیلاب متاثرین کی امدادی رقم سے کٹوتی کرنے والے ایک ملزم عبید اللہ کنڈرانی کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کی جانب سے متاثرین کی رقم سے کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کیخلاف کارروائی کے اعلان کے باوجودتاحال کئی بااثر ایجنٹ سرعام کٹوتی کرنے میں مصروف ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ متاثرین کی امدادی رقم سے کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کو سیاسی رہنماؤں کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے پولیس بھی ان کیخلاف کارروائی کرنے سے گریز کررہی ہے۔ متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ کٹوتی کرنے والے تمام ایجنٹس کو گرفتار کرکے متاثرین کو پوری رقم دلوائی جائے۔


