ایشیا کپ ٹی ٹوئٹنی، پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دیدی

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایشیا کپ 2022ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دیدی۔ پاکستان نے بھارت کا 182 رنز کا ہدف محمد رضوان اور محمد نواز کی شاندار اننگز کی بدولت آخری اوور میں پورا کرلیا۔ محمد رضوان نے 71 اور محمد نواز نے 20 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی اس کے علاوہ کپتان بابر اعظم 14 اور فخرزمان 15 اور محمد نواز 20 گیندوں پر 42 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کیخلاف بھارت کا آغاز کافی اچھا رہا، صرف 5 اوورز کے اندر بغیر کسی نقصان کے 50 رنز مکمل کیے۔ بھارت کی پہلی وکٹ 54 کے مجموعی اسکور پر گری، روہت شرما 16 گیندوں پر 28 رنز پر آؤٹ ہوئے۔بھارت کو دوسرا نقصان کے ایل راہول کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ بھی 28 رنز بناسکے۔ سوریا کمار یادیو 13، رشبھ پنٹ 14 اور ہاردک پانڈیا صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ کوہلی نے 44 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2، محمد نواز، حارث رؤف اور محمد حسنین نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔ ایشیا کپ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے، محمد رضوان کا ساتھ دینے فخر زمان کریز پر آئے۔ پانچواں اوور ہاردیک پانڈیا نے کروایا، محمد رضوان نے ان کی پہلی اور آخری گیند پر شاندار چوکے رسید کیے، فخر زمان نے بھی چوتھی گیند پر چوکا جڑا، اور 14 رنز بٹورے۔محمد رضوان نے چھٹا اوور کروانے والے ارشدیپ سنگھ کی تیسری گیند پر شاندار چھکا مارا، جن کے اوور میں 8 رنز بنے۔لیگ اسپنر یوزویندر چاہل نے ساتویں اوور کروایا جس میں محمد رضوان نے ایک چوکا رسید کیا اور 6 رنز حاصل کیے۔دوسرے لیگ اسپنر روی بشنوئی نے آٹھویں اوور میں نپی تلی گیند بازی کی، اور لیگ بائے سمیت 6 رنز دیے۔چاہل نے نواں اوور جاری رکھا، فخر زمان نے کوور کے اوپر سے کھیل کر 4 رنز حاصل کے اس کے بعد اگلی ہی گیند پر وہ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ان کا کیچ ویرات کوہلی نے تھاما۔جس کے بعد محمد نواز کو ترقی دے کر چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے بھیجا گیا۔ پاکستان نے 9 اوورز کے اختتام پر بابر اور فخر کے نقصان پر 67 رنز بنائے۔ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل تھیں۔ تاہم پہلے مرحلے کے اختتام پر بھارت اور پاکستان گروپ اے سے جبکہ افغانستان اور سری لنکا گروپ بی سے سپر فور مرحلے میں پہنچیں۔ سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں