ملک بھر میں بارش اور سیلاب کے نتیجے میں چوبیس گھنٹے میں11 افراد جاں بحق
اسلام آباد (انتخاب نیوز) ملک بھر میں بارشوں و سیلاب کے نتیجے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11 افراد جاںبحق ہوگئے ہیں جبکہ اب تک مجموعی طور پر 1325 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 12703 زخمی ہو ئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد ڈویڑنز کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہواﺅں، گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش کی پیشگوئی کی ہے جس کے نتیجے میں تمام بڑے دریاﺅں میں طغیانی متوقع ہے۔ نیشل فلڈ ریلیف ریسپانس سینٹر ( این ایف آر سی سی ) کی طرف سے جاری فلڈ ریلیف کوششوں کی تفصیلات کے مطابق اب تک 363 آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے روانہ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 پروازیں کی گئیں اور 131 پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا اور 32 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین تک پہنچایا گیا۔ مزید برآں، اب تک 3716 پھنسے ہوئے افراد کو ان ہیلی سارٹیز کے ذریعے نکالا جا چکا ہے۔


