پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب آرہے ہیں، رضا ربانی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سابق سینیٹ چیئرمین میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کی معافی کی بات کی جائے۔اپنے بیان میں پیپلز پارٹی کے رہنما رضاربانی نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک نے اپنے آقاؤں کے ہاتھ اپنے وسائل کی لوٹ مار کو برداشت کیا ہے، ترقی یافتہ ممالک 79 فیصد کاربن اخراج کے ذمہ دار ہیں،امریکا نے1850 سے اب تک509 جی ٹی کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کی۔سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ امریکا کاربن ڈائی آکسائیڈ کے سب سے زیادہ اخراج کا ذمہ دارہے،امریکا کی کمپنیاں درختوں کی زیادہ کٹائی کی ذمہ دار ہیں جو گلوبل وارمنگ کی وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ سے ترقی پذیر ممالک سب سے زیادہ متاثر ہیں، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب آرہے ہیں۔سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ سامراجی ممالک اپنی ذمہ داری تسلیم کریں، پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کی بحالی کریں،اب وقت آگیا ہے کہ وہ رقم لوٹائیں جنہوں نے وسائل چرائے۔


