کوئٹہ، فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائی، مضر اور زائد المیعاد اشیاء پر 14 مراکز پر جرمانے
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ شہر میں قوانین کے خلاف ورزی پر مختلف اشیاء خورونوش کے مراکز کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران مزید 14 مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ نان شاپس میں کم وزن پیڑے (آٹے) سے نان کی تیاری و صفائی نامناسب انتظامات سے متعلق شکایات موصول ہونے پر بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے نان شاپس کی مسلسل چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے، اس ضمن میں جناح ٹاؤن میں 2 نان شاپس کو جرمانہ کیا گیا جبکہ زائد المعیاد اشیاء خوردونوش برآمد ہونے پر 3 جنرل اسٹورز کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا۔ بی ایف اے حکام کے مطابق جرمانہ کیے گئے نان شاپس میں صفائی و آٹا ذخیرہ کرنے کا نظام غیر صحت بخش پایا گیا جبکہ صارفین کو فروخت کردہ نان کے پیڑے کا وزن بھی مقررہ حد سے کم تھا۔ علاوہ ازیں علاقے میں موجود جنرل اسٹورز کی چیکنگ پر 3 دکانوں سے ایکسپائرڈ کیچپ، مصالحے، چائے کی پتی اور کسٹرڈ پاؤڈر وغیرہ برآمد ہوئے، مراکز سے پکڑی گئیں زائد المعیاد خوردنی اشیاء ضبط کرتے ہو تینوں دکانوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ علاوہ ازیں ائیرپورٹ روڈ میں ہوٹلوں اور میٹ شاپس کے معائنہ کرتے ہوئے بی ایف اے کی ایک اور انسپیکشن ٹیم نے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 4 میٹ شاپس اور 2 ہوٹلوں پر جرمانے عائد کیے۔ بیف، مٹن شاپس کے خلاف صفائی کی ناقص صورتحال، بارہا منع کرنے کے باوجود دکانوں کے باہر گردوغبار میں گوشت لٹکانے و ان پر مکھیوں کی بھرمار، جراثیم زدہ کٹنگ اوزار اور فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر کارروائی کی گئی، 2 ہوٹلوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی، کچن کے آلودہ فرش پر اشیاء رکھنے اور ورکرز کی ذاتی صفائی کی خراب حالت پرجرمانہ کیا گیا۔ مزیدبرآں کلی شابو اور جی او آر کالونی میں ملاوٹ زدہ اور غیر صحت بخش دودھ کی سپلائی و فروخت میں ملوث 3 دکانوں کو جرمانہ کیا گیا۔ مزکورہ علاقوں میں قائم متعدد مراکز سے دودھ کے نمونے لیکر بی ایف اے موبائل لیبارٹری کی جدید مشینوں پر چیک، موبائل لیب رپورٹ کے مطابق آن دی سپاٹ ٹیسٹنگ پر 3 دکانوں کے دودھ میں پانی کی وافر مقدار اور خشک دودھ کی ملاوٹ ثابت ہوئی، مزکورہ دکانوں میں دودھ اور دہی ذخیرہ کرنے کے انتظامات بھی غیر صحت بخش پائے گئے۔


