بھارت، لکھنو میں ایک ماہ کے برابر بارش ایک دن میں ہوگئی، 15افراد ہلاک

لکھنو (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنو میں موسلا دھار بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنو میں ایک دن میں اتنی بارش ہوگئی جتنی اوسطا ایک ماہ میں ہوا کرتی ہے۔ بارش سے مختلف واقعات میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔مسلسل ہونے والی بارش سے ایک کی گھر کی دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 12 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 3 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔اترپردیش کے محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک دن میں 155 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو لکھنو میں اوسطا ایک ماہ میں ہونے والی بارش کے برابر ہے۔ اس لیے سڑکیں زیر آب آگئیں اور کئی فٹ پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ غیر معمولی بارش کے باعث شہر میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو بلاضرورت گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسکول اور کالج بھی بند ہیں جبکہ کاروبار زندگی معطل ہے۔محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بھی ممبئی اور لکھنو سمیت اترپردیش کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں